• news

ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری، لاڑکانہ میں درجہ حرارت 48 تک جا پہنچا

اسلام آباد، کراچی، لاہور (این این آئی+ خصوصی رپورٹر+ نمائندگان) پورے ملک میں شدید گرمی کی لہر ہفتہ کو بھی جاری رہی، بیشتر شہروں میں سورج آگ برساتا رہا۔ لاہور میں شام کے اوقات میںتیز آندھی چلنے سے گرمی کی شدت میں قدرے کمی آ گئی اور موسم بہتر ہو گیا۔ سب زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں 48 سینٹی گریڈ اور دادو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولنگر، سکھر میں 46 ڈگری، نوابشاہ، رحیم یار خان، لاڑکانہ اور بدین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ بدین میں 45، اوکاڑہ، قصور، خان پور میں پارا 44 ڈگری اور لاہور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب کراچی میں پارہ تھوڑا نیچے آیا ہے لیکن گرمی کا سلسلہ کم نہیں ہوااور درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے اکثر حصوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کراچی میں سورج بھی آگ برساتا رہا، پارہ 43 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کراچی کا درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائیگا۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری کردی ہے۔ دوسری طرف حافظ آباد اور قصور میں گزشتہ روز بھی بجلی کی کئی گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس سے شہریوں کو روزے کی حالت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن