• news

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا، جنگ بندی ڈرامہ ہے: حافظ سعید

لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیرجماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری تیز کر دی۔ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائدفوج نے ظلم و دہشت گردی کی انتہا کر رکھی ہے۔ رمضان المبارک میںجنگ بندی کا ڈرامہ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے رچایا گیا۔کشمیری لیڈروں کو نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ کشمیری قوم مودی سرکار کے نام نہاد اقتصادی پیکج کے دعووں سے متاثر نہیں ہو گی۔ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔ مرکز اہلحدیث سرکلر روڈ روڈ راولپنڈی میں سحری کے موقع پر درس قرآن کی مجلس اوربعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کبھی قاتل درندوں کی طرف سے منعقدہ افطار پروگرام میں شرکت نہ کرنے پر نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کرتی ہے تو کبھی نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر وحشیانہ قتل و غارت گری کا بازارگرم کیا جاتا ہے۔ ابھی ایک رو ز قبل ہی کپواڑہ میں فائرنگ کر کے پانچ کشمیری نوجوانوں کو بلاوجہ شہید کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے اور ملک غاصب بھارتی فوج کی طرف سے ڈھایا جانے والا ظلم و بربریت اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور کوئی بھارتی درندوں کا ہاتھ روکنے کیلئے تیار نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے پندرہ لاکھ میں سے آٹھ لاکھ سے زائد فوج کشمیریوں پر مسلط کررکھی ہے۔ بھارت سرکار جو مرضی حربے آزما لے لیکن وہ کشمیرکی تحریک کو روک نہیں سکتی۔ کشمیری نوجوان ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے کھڑے ہیں اور شہادتیں پیش کررہے ہیں۔ بھارت کوکشمیریوں کی قتل و غارت گری کیلئے بین الاقوامی قوتوں کی مکمل شہ حاصل ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ فلسطین میں خون بہہ رہا ہے۔اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں کاکھلے عام قتل کر رہی ہے۔امریکہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس اپنا سفارت خانہ منتقل کر رہا ہے۔ مسلمان ملکوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی دہشت گردی روکنے اور قبلہ اول کے تحفظ کیلئے متحد ہو کر کردارا دا کریں۔ حکمران اسلام اور مسلمانوں کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کر رہے۔ بھارت سے دوستی کے ایجنڈے پروان چڑھانے والے حکمران اس ملک کو انڈیا کی منڈی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مدینہ طیبہ کی طرح پاکستان بھی لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر مسلمانوں کوملا۔ نبی اکرمﷺکی سیرت پر عمل کرنے سے ہی مسلمانوں کوکامیابیاں ملیں گی۔ انہوںنے کہاکہ حکمران اسلام اورمسلمانوں کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کر رہے۔ ہمیں ایسے حکمران چاہئیں جو جرأتمندانہ انداز میں اپنی پالیسیاں ترتیب دیں اور ملکی سلامتی و خودمختاری کا تحفظ کرنے والے ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن