نومسلم چینی سیاح 106 ممالک کا سفر کرکے حجاز مقدس پہنچ گیا
مکہ مکرمہ (صباح نیوز)نومسلم چینی سیاح عبداللہ شان106ممالک کا سفر کرتے ہوئے بالآخر عمرہ کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچ گیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نومسلم عبداللہ نے سیاحتی سفر کا آغاز 2003 میں کیا تھا اس وقت وہ دائرہ اسلام میں داخل نہیں ہوا تھا۔ 56 سالہ چینی سیاح نے گزشتہ برس دبئی میں ایک چینی داعی کی دعوت پر اسلام قبول کیا تھا۔ سیاح نے اسلام قبول کرنے کے بعد مکہ مکرمہ آنے کا ارادہ کیا اورسفر پر نکل پڑا۔عبداللہ 106ممالک سے ہوتا ہوا 40 ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کر کے بالاخر مکہ مکرمہ پہنچا۔ زندگی میں پہلی بار حرم کعبہ کو دیکھ کر اسکی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ عبداللہ نے روتے ہوئے کہا میں نے دنیا گھومی مگر جو سکون مجھے دیار ربانی میں ملا وہ کہیں نہیں پا سکا، اب میری خواہش ہے کہ دیار مصطفیؐ کی بھی زیارت کروں۔ نومسلم عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں دنیا میں امن و سلامتی کا خواہاںہوں اور اسلام وہ مذہب ہے جو ہر طرح سے سلامتی اور امن کا علمبردار ہے۔