مالیاتی خودمختاری ملنے پر فنڈز، ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے: راجہ فاروق
مظفرآباد( آن لائن )وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے ہفتہ کے روز ہفتہ کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں تخمینہ میزانیہ2018-19پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ حکومت نے1سال8ماہ انتھک محنت کر کے آزادکشمیر کو مالیاتی خود مختاری دلادی ہے۔ اب فنڈز آزادکشمیر کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ بڑھا کر ساڑھے 25ارب روپے سالانہ کرنے او ر وفاقی محاصل سے آزادکشمیر کا حصہ3.64فیصد فکس کرنے پر قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر امورکشمیر برجیس طاہر، وزیر منصوبہ وترقیات احسن اقبال چیئرمین پلاننگ کمیشن کے شکرگزار ہیں۔ محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ شاہرات کے دس سال پرانے عارضی ملازمین کو مستقبل کرینگے۔ تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار ادا کرنے والیوں کے نام مظفرآباد میں قومی یادگار کے علاوہ قومی میوزیم تعمیر کرینگے۔ تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 18اپریل کو لندن میں مودی کے خلاف مظاہرے میں تمام کشمیری سیاسی قیادت کے متحدہو کر احتجاج کرنے سے تحریک آزادی مضبوط ہوئی۔مسلم لیگ ن اپنے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس مالی سال کا ترقیاتی بجٹ مکمل طور پر خرچ کیا جائے گا۔ حکومت ڈٹ کر اپنی 5سالہ مدت پوری کریگی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بجٹ76فیصد غیر ترقیاتی اور24فیصد ترقیاتی ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت غیر ترقیاتی بجٹ میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہیلتھ ورکرز کو نارمل میزانیہ پر لانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مالی سال 2017-18کے ترقیاتی بجٹ کے جو پیسے خرچ نہیں ۃوئے وہ 30جون تک ہو جائیں گے اس میں زیادہ رقم حصول اراضی کی ادائیگی اور فرنیچر وغیرہ کی خریداری کی رقم ہے جس کو خرچ کرنے میں وقت نہیں لگتا۔ انہوں نے کہاکہ حالات کچھ بھی ہوں پارٹی اپنے قائد محمد نوازشریف کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بعد شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا شکرگزارہوں کہ انہوںنے اازادکشمیر کی ترقی کیلئے وافر فنڈز فراہم کیے۔