• news

ویانا: مشترکہ کمشن اجلاس‘ تمام ارکان ایرانی ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے پر متفق

ویانا(آن لائن)جامع ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمشن کا اجلاس ویانا میں ختم ہوگیا ہے،جامع ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمشن کے اجلاس میں امریکہ کے سوا معاہدے کے تمام رکن ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی،کمیشن کے اجلاس میں جامع ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا،اجلاس میں 5ممالک برطانیہ،فرانس،جرمنی،چین،روس اور یورپی یونین کے نمائندوں نے شرکت کی۔ایران کے سینئر ایٹمی مذاکرات سید عباس عراقچی نے مشترکہ کمشن کے اجلاس میں ایران کی نمائندگی کی۔مشترکہ کمشن کے اجلاس میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا آمانو بھی شریک تھے اور انہوں نے ایک بار پھر ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی پابندی کیے جانے کا تصدیق کی۔ گزشتہ روز جامع ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمشن کے اجلاس میں شریک روس کے نمائندے میخائل اولیانوف نے اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے پر متفق ہیں اور اس کیلئے سیاسی عزم کی ضرورت ہے،مشترکہ کمشن کے اجلاس میں ایران کیخلاف پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے نتائج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن