کوئٹہ : فائرنگ دو اہلکار شہید‘ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک
کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت)کوئٹہ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے 2اہلکار شہید جبکہ 4راہ گیر زخمی ہو گئے۔ فالکن پولیس کی بروقت کارروائی سے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اتوار کی شام کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار 2مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ڈیوٹی دینے والے ٹریفک پولیس کے 2اہلکاروںعبدالرشید اور بشیر شاہ کو شہید کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر 4راہ گیر محمد شفیق، خدائیداد، حاجی اختر اور جانان زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد فرار ہورہے تھے کہ فالکن پولیس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا۔ پولیس نے نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال پہنچا دیا جہاں 2زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئیں جبکہ دہشتگردوں کی نعشیں شناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں، واقعہ کے بعد کوئٹہ میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ پولیس اورایف سی کے گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
کوئٹہ