14 نئی جامعات و ڈگری دینے والے اداروں کا قیام حتمی مرحلہ میں داخل
اسلام آباد (نامہ نگار) سرکاری شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مالی سال 2017-18 ء میں ملک بھر میں نئی 14 یونیورسٹیوں و ڈگری دینے والے اداروں کے قیام کا کام حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مالی سال 2017-18ء میں ملک بھر میں 14 یونیورسٹیوں و ڈگری دینے والے اداروں کا قیام حتمی مرحلے میں داخل ہو چکاہے‘ ان میں یونیورسٹی آف بلتستان سکردو‘ یونیورسٹی آف گوادر‘ یونیورسٹی آف سبی‘ زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان‘ یونیورسٹی آف لکی مروت ‘ یونیورسٹی آف چترال‘ حیدرآباد میں وفاقی ادارے کا قیام‘ ادارہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی بہاولپور‘ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک بین الاقوامی یونیورسٹی کا قیام‘ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کا قیام‘ یونیورسٹی آف نارووال‘ یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیا اینڈ پاکستان اسلام آباد‘ نیشنل سکل یونیورسٹی اسلام آباد اور فیڈرل گورنمنٹ یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان یونیورسٹیوں اورڈگری ایوارڈنگ اداروں کے قیام کا کام رواں مالی سال میں ہی مکمل کیا جائے گا۔