• news

پنجاب میں کالا باغ ڈیم بنائو تحریک چلائے جانے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) پنجاب میں سرائیکی صوبہ موومنٹ کے ساتھ کالا باغ ڈیم بنانے کے لئے بھی تحریک چلائے جانے کا امکان ہے، سرائیکی علاقہ سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاسی رہنما اپنی قیادتوں کے سامنے ڈیم بنانے کا مطالبہ کریں گے۔ معلومات کے مطابق پنجاب میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لئے نئے ڈیم بنانے سے متعلق بھی ایک مہم چلائے جانے کا امکان ہے۔ ڈیم اور پانی سے متعلق سکولز، کالجز، یونیورسٹیوں سطح کے علاوہ عام قصبوں میں تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر آبی وسائل سید جاوید علی شاہ نئے ڈیم بنانے سے متعلق بڑی تیزی کے ساتھ ملک کے سینئر رہنمائوں سے ملاقاتوں کے علاوہ ، ڈیم نہ بنانے پر نقصانات کے حوالے سے بھی انہیں آگاہ کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سمیت لاہور، سندھ اور کے پی کے کے بھی درجنوں سینئر رہنمائوں نے ملک میں سب سے بڑا ڈیم بنانے کے لئے ملکر حکمت عملی تیار کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن سے قبل بھی بڑے زور دار انداز میں کالا باغ ڈیم یا اس طرز پر ایک اور ڈیم بنانے پر تحریک چلائی جائیگی اور سیاسی قیادتوں سے بھی باقاعدہ مطالبہ کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن