وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف نے ’’کام‘‘ کی تاریخ رقم کی
اسلام آباد (محمد نواز رضا) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی 10 ماہ کی وزارت عظمیٰ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور مختصر مدت میں وفاقی کابینہ کے ریکارڈ اجلاسوں کی صدارت کی۔ اسی طرح ایک روز میں 8 سے 10 اجلاسوں کی صدارت کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ وزیراعظم نے کم و بیش روزانہ 12 سے 14 گھنٹے تک دفتری امور کو نمٹایا۔ وزیراعظم نے پچھلے 10 ماہ کے دوران ایک ایک دن میں دو سے تین ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے کہا انہوں نے اس قدر تعداد میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھے ہیں کہ وہ افتتاح کر کے تھک گئے ہیں۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پچھلے 5 برسوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے وہ 31 مئی 2018 ء سے قبل ان تمام ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح جو ان کے دور میں شروع کئے گئے کرنے کیلئے ہر روز دو سے تین منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران حکومت کی 5 سالہ کارکردگی بیان کرینگے۔ حکومت کی طرف سے 5 سالہ بیلنس شیٹ بھی جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم نے اپنی 10 ماہ کی وزارت عظمیٰ کے دوران اتوار کو چھٹی نہیں کی کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ میٹنگز کی صدارت کی۔ 10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی۔ پشاور سے کراچی تک موٹر وے کم و بیش مکمل ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاؤس صرف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کیلئے استعمال کیا اور اپنے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ وزیراعظم ہاؤس میں کی جہاں انہوںنے گنتی کے احباب کو مدعو کیا۔ وزیراعظم نے ایک رات بھی وزیراعظم ہاؤس میں قیام نہیں کیا۔ وہ 10 ماہ کی وزارت عظمیٰ کے دوران میڈیا سے دور رہے۔ ایک دو پریس کانفرنس کے سوا کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔