• news

ناصر الملک ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے تھے اللہ تعالیٰ نے موقع فراہم کر دیا: بھائی رفیع الملک

اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیراعظم منتخب ہونے والے جسٹس (ر) ناصر الملک کے بھائی رفیع الملک نے کہا ہے کہ ناصر الملک سخت مزاج جج تھے جو کسی کی بھی سفارش قبول نہیں کرتے تھے۔ ناصر الملک پاکستان کے لئے کچھ کرنا چاہتے تھے، اللہ تعالیٰ نے آج ان کو یہ موقع فراہم کر دیا ہے ۔نگران وزیراعظم منتخب ہونے والے جسٹس(ر) ناصرالملک کے بھائی رفیع الملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کہا ہے بھائی ناصر الملک اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے دو دن پہلے گھر میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ اگر نگران وزیراعظم کا اختیار دیا جائے تو کیا میں قبول کروں جس پر ہم سب نے انہیں یہ عہدہ قبول کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ابھی کنفرم نہیں کہ وہ حلف کب اٹھائیں گے کیونکہ اس وقت وہ اسلام آباد اور ہم سوات میں ہیں اس لئے تفصیلی بات نہیں ہوئی مگر امید ہے کہ یکم جون تک وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے ۔ ناصرالملک کے بھائی نے مزید کہا کہ جسٹس(ر) ناصر الملک بہت ہی سخت قسم کے جج تھے جو کسی کی بھی سفارش کو قبول نہیں کرتے تھے۔ وہ تمام فیصلے میرٹ پر کرتے تھے اور ریٹائر منٹ کے بعد وہ زیادہ تر کتابیں پڑھنے اور ایکسر سائز کرنے میں وقت گزارتے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن