فنکار سرپرستی کے حقدار ہیں ‘مریم اورنگزیب کامیڈین ماجد جہانگیر سے رابطہ، امداد کی یقین دہانی
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے نامور فنکار ماجد جہانگیر کو فوری طور پرمالی امداد دینے کی ہدایت کر دی۔ مریم اورنگزیب نے ماجد جہانگیر سے رابطہ کرکے انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ انکی مالی ضروریات فوری طور پر پوری کی جائیں گی۔ لوگوں کو خوشیاں دینے والے فنکار ہماری سرپرستی کے حقدار ہیں۔ ہمیں فنکاروں کے کام کی پذیرائی کرنی چاہیے۔ فنکاروں کی معاونت کے فنڈ کو بجٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس فنڈ کے ذریعے فنکاروں کی مالی ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔ پاکستان کلچر اینڈ آرٹس فائونڈیشن ریلیف فنڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فنکار امن کے سفیر ہیں۔ معاشرے میں ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کیلئے ان کی بے پناہ خدمات ہیں۔ اجلاس میں سال 2018 میں 41فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا گیا۔