• news

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب، اسد درانی کا معاملہ زیر غور آئے گا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آج منگل کے روز قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں داخلی و بیرونی سلامتی سمیت قومی مفادات سے جڑے متعدد امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی مدت اکتیس مئی کی نصف شب ختم ہو جائے گی اس اعتبار سے یہ قومی سلامتی کمیٹی کا الوداعی اجلاس بھی ہو سکتا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شرکاء اجلاس پاک افغان تعلقات، بطور خاص اتوار کے روز افغانستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ پاکستان کے نتائج، پارلیمنٹ اور خیبر پی کے اسمبلی سے فاٹا کے انضام کے بل کی با لترتیب منظوری اور توثیق اور اس ضمن میں درکار مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اس امر کا قوی امکان کے ہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی کی بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ کے ساتھ مل کر لکھی گئی کتاب کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا اور آرمی چیف شرکاء کو اسد درانی کے خلاف شروع کی تحقیقات اور کورٹ آف انکوائری کی تشکیل کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن