• news

اداکا رہ میرا عتیق الرحمن کی بیوی ہے‘ عدالت کا 9 برس بعد فیصلہ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) اداکارہ میرا کے نکاح پر نکاح کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ عدالت نے اداکارہ میرا کی درخواست خارج کر دی ہے۔ فیصلے کے مطابق میرا عتیق الرحمان کی بیوی قرار پا گئی۔ عدالت نے 9سال بعد فیصلہ سنایا۔ مقامی فیملی کورٹ نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیتے ہوئے اداکارہ میرا کا تنسیخ نکاح کا دعویٰ خارج کر دیا ہے عدالت نے فیصلہ میں لکھا ہے کہ اداکارہ میرا شادی شدہ ہیں اور وہ عتیق الرحمان کی اہلیہ ہیں۔ میرا اپنے شوہر عتیق الرحمان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں اس لئے عدالت اداکارہ میرا کو اپنے شوہر سے خلع لینے کی اجازت دیتی ہے۔ فیملی جج بابر ندیم نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اداکارہ میرا کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میرا کا نکاح نامہ حقائق پر مبنی ہے اور نکاح خواں نے باقاعدہ نکاح نامے کی تصدیق بھی کی۔ دونوں کے درمیان تنازعہ ایک گھر سے پیدا ہوا۔ واضح رہے کہ ادکارہ میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ اداکارہ میرا کا ابتدا سے موقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لئے شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہا ہے اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کیلئے کوئی دستاویزات بھی موجود نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن