انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، ایک شخص زخمی
اسلام آباد/ کھوئی رٹہ (سٹاف رپورٹر+ آن لائن) پاکستان نے گلگت بلتستان آرڈر 2018ء پر بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے اس حوالے سے تحریری احتجاجی مراسلہ بھارت کے حوالے کیا۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو اپنے دفتر میں طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر گلگت بلتستان آرڈر 2018ء پر بھارت کا احتجاج بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر جھوٹے بھارتی دعویٰ کو مسترد کر دیا۔ آن لائن کے مطابق لائن آف کنٹرول پر انڈین آرمی نے پھر سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی اور کھوئی رٹہ سیکٹر کی سول آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ لائن آف کنٹرول کھوئی رٹہ سیکٹر کے گائوں ججوٹ بہادر، چتر، بھینسہ گالہ، خانپور کی سول آبادی پر انڈین آرمی نے بلااشتعال گولہ باری کی جس سے دانش شبیر ولد محمد شبیر عمر 22سال زخمی ہوا۔