ڈی آئی خان: دہشت گردوں کی فائرنگ ‘ سپیشل برانچ کا پولیس ہیڈ کانسٹیبل شہید
کوئٹہ ‘ڈی آئی خان(بیورو رپورٹ+اے پی پی) ڈیرہ اسماعیل خان میں دن دہاڑے پولیس ٹارگٹ کلنگ کے دوسرے بڑے واقعہ میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہیڈکانسٹیبل حیات اللہ شہید ہو گیا، شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن گرائونڈ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ اد ا کرکے میت لواحقین کے سپرد کر دی گئی ، سی ٹی ڈی پولیس نے پولیس اہلکار کے بھائی کی رپورٹ پر دو نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ڈیرہ کے معروف تجارتی مرکز شرقی سرکلر روڈ پر واقع یو بی ایل بینک کے قریب ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل پر سوا ر سپیشل برانچ کا پولیس ہیڈ کانسٹیبل 45 سالہ حیات اللہ اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا ۔اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ڈاکٹر ز کے مطابق شہید اہلکار کو سات گولیاں جن میں سے تین چہرے اور باقی سینے میں لگیں ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے نائن ایم پسٹل کے آٹھ خالی خول برآمد کرکے تحویل میں لے لیے ہیں ۔پولیس نے شہر میں ناکہ بندی سخت کرکے شہر کے مختلف داخلی خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے چیکنگ شروع کردی گئی۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں ڈی سی چوک کے مقام پر پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میںپولیس اہلکاروں سمیت 12افرادزخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے ڈی سی چوک پر نامعلوم افراد نے موٹرسائیکل میں نصب بم کے ذریعے گشت پر مامور پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام محمد عمرانی ، ڈرائیور محمدحیات اور10راہ گیر دھماکے کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے۔