• news

نوازشریف نے کبھی نہیں کہا نگران وزیراعظم عدلیہ سے نہ ہو: جعفر اقبال

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے میری ٹائم افئیرز چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق سے شیخ رشید کے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں، انگلیاں اٹھانے والوں نے2013ء کے انتخابات پر بھی انگلیاں اٹھائی تھیں اور اب بھی وہ انگلیاں اٹھانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ امید ہے کہ ناصر الملک سازشیوں کی مکاریوں پر پانی پھیرتے ہوئے آئندہ انتخابات شفاف اور غیر جانبدار کرائیں گے اچھی بات ہے کہ نگران وزیر اعظم کے نام پر طویل مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے ایک نام چن لیا گیا۔ نواز شریف نے کبھی نہیں کہا تھا کہ نگران وزیراعظم عدلیہ سے نہ ہو۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر سے نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان کرا کے اچھی روایت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کرنے پر تمام سیاستدان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ نگران وزیر اعظم کے پاس محدود اختیارات ہوں گے اور ان کا کام صرف آئینی حدود میں رہتے ہوئے انتخابات کرانا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن