ملک کو ایماندار لیڈر کی ضرورت‘ عوام کو عمران کیساتھ چلنا ہو گا: پرویز خٹک
پشاور(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اگراس ملک میں میرٹ، انصاف اور شفافیت پر مبنی نظام لانا ہے تو عوام کو عمران خان کے ساتھ چلنا ہوگا کیونکہ اس ملک کو ان جیسے ایماندار لیڈر کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک میں محروم اور کمزور کیلئے الگ پاکستان اور طاقتور کیلئے الگ پاکستان ہے مگر اب یہ فرسودہ اور دوہرا نظام نہیں چلے گا کیونکہ عوام میں شعور آگیا ہے اور وہ پی ٹی آئی کے ایک پاکستان کے وژن کا ساتھ دے رہے ہیں۔ یہ ملک اس لئے بنا تھا کہ یہاں پر تمام لوگوں کو انصاف کے یکساں مواقع میسر ہوں مگر برسراقتدار حکمرانوں نے عوام کو یہ حق نہیں دیا۔ وکلاء برادری کا پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد اور عمران خان کے قافلے میں شامل ہونا خوش آئند بات ہے اور ان کو اپنے فیصلے پر ہمیشہ خوشی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں پشاور کے پی ٹی آئی رہنما اکبر خان مہمند اور اظہر یوسف ایڈوکیٹ کی توسط سے خیبرپی کے بار کونسل کے ممبران وکلاء کی ایک شمولیتی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔شمولیتی تقریب میں خیبرپی کے بارکونسل کے ممبران وکلاء شاہ فیصل اتمانخیل ایڈوکیٹ، بشیرخان وزیر ایڈوکیٹ، طاہر شہزاد ایڈوکیٹ، سید محمد سجاد ایڈوکیٹ، سید رحمت علی شاہ ایڈوکیٹ، حسنین آغا ایڈوکیٹ، میاں آصف آمان ایڈوکیٹ اور اظہر یوسف خان ایڈوکیٹ سمیت تقریباً 39 وکلاء نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ طور پر اعلان کیا اور وزیراعلیٰ کو اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر شمولیتی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنی پانچ سالہ دور اقتدار میں ایمانداری سے ناکارہ نظام کی درستگی اور اسے صحیح پٹڑی پر ڈالنے کی کوشش کی کیونکہ جب ہمیں اقتدار ملا تو آوے کا آوا بگڑا ہوا تھا۔ علاوہ ازیں پرویز خٹک نے پیر کے روز پجگی تا ورسک روڈ لنک رنگ روڈ کا افتتاح کیا مذکورہ رنگ روڈ 3.4 کلومیٹرپر محیط ہے اور اس کی تعمیر پر تقریباً 3 ارب روپے لاگت آئی ہے جس میں دو فلائی اوور، دو چھوٹے پل اور سروس روڈ شامل ہے اس منصوبے کو دو سال کی مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا جس سے پشاور شہر میں بہترین سفری سہولیات کا ایک اہم ذریعہ میسر آئے گا۔ افتتاح کے بعد تقریب سے پرویز خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور شہر کی خوبصورتی اور عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے یہ شہر تیز تر ترقی کرے گا۔ ہماری حکومت نے شہر پشاور میں پر آسائش اور آرام دو سفر کیلئے بی آر ٹی کا منصوبہ شروع کیا اور یہ پاکستان اور پوری دنیا میں تیز ترین تعمیراتی منصوبہ ہے جس کی مدت دیگر میٹرو منصوبوں سے کئی گنا کم ہے۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انکی حکومت نے کوہستان، تورغر اور بٹگرام جیسے پسماندہ اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں پی ٹی آئی عوام کی یکساں خدمت پر یقین رکھتی ہے ہم نے الیکشن کے نتائج یا ووٹ کو اپنے ایجنڈے پر اثر انداز نہیں ہونے دیا۔ پی ٹی آئی عوام کے تعاون سے دوبارہ حکومت میں آ کر تبدیلی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے ریجنل صدر زر گل خان کی وساطت سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں کولی پالس کوہستان ، تورغر اور بٹگرام کے 100رکنی مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔