• news

رواں سال 20 کھرب ڈالر مالیت کے کاروباری اداروں کا ریکارڈ انضمام ہوا: رپورٹ

لندن(اے پی پی) رواں سال اب تک دنیا بھر میں 20 کھرب ڈالر مالیت کے کاروباری اداروں کا انضمام یا حقوق ملکیت کی منتقلی ہوچکی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں کاروباری اداروں کے انضمام اور حقوق ملکیت کی منتقلی کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔امریکی کمپنی جنرل الیکٹرانکس کے ٹرانسپورٹ کے شعبے اور ریل کے آلات بنانے والے ادارے ’’ واب ٹیک ‘‘ کا انضمام نمایاں رہا جس کی مالیت 11.1 ارب ڈالر رہی۔چند روز قبل امریکہ میں ہی مختلف کاروباری اداروں کے باہمی انضمام کی خبریں سامنے آئی ہیں جن کی مجموعی مالیت 28 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ان میں سے زیادہ تر اداروں کا تعلق توانائی، مالیات اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کے شعبوں سے ہے۔یورپ بھی کاروباری انضمام یا حقوق ملکیت کی منتقلی کے شعبے میں نمایاں رہا جہاں صرف اپریل کے دوران اس طرح کی سرگرمیاں 10 سال کی بلند ترین سطح پر رہیں۔امریکی و برطانوی اداروں کے درمیان انضمام و حقوق ملکیت کی تبدیلی کی سرگرمیوں کی مالیت 89.6 ارب ڈالر سے زیادہ رہی جو 19 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ادھر جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی ’’ سونی ‘‘ کی جانب سے برطانوی میوزک گروپ کے حصص کی خریداری کے لیے 2.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی سامنے آچکا جبکہ جرمن دوا ساز کمپنی ’’ بائر ‘‘ بھی 62.5 ارب ڈالر کے عوض امریکی ایگروکیمیکل اینڈ ایگریکلچرل بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کی خریداری بھی آخری مرحلے میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن