• news

جنگی جنون: بھار تی حکومت نے 6900 کروڑ روپے سے زائد کا دفاعی سامان خریدنے کی منظوری دیدی

نئی دہلی (اے پی پی‘ صباح نیوز) بھارتی حکومت نے جنگی جنون میں اضافہ کرتے 6900 کروڑ روپے سے زیادہ کے دفاعی سازوسامان کی خریداری کے سودوں کو منظوری دیدی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کی صدارت میں دفاعی خریداری کونسل کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ دفاع کے شعبہ میں مقامی سازو سامان کو فروغ دینے کی پالیسی پر آگے بڑھتے ہوئے ان آلات کی خریداری بائے انڈین کے زمرے میں مقامی کمپنیوں سے کی جائے گی۔ وزارت دفاع کے مطابق فوج کیلئے تھرمل امییجنگ نائٹ سائٹ آلات خریدے جائیں گے۔ دفاعی خریداری کونسل نے جنگی جہاز سخوئی -30 کے لئے طویل فاصلے تک کام کرنے والی انفرا ریڈ سرچ اینڈ ٹریک سسٹم کی ڈیزائننگ اور ترقی کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ سسٹم دن اور رات دونوں میں کام کرنے کے قابل ہو جائے گا۔واضح رہے کہ بھارتی دفاعی خریداری کونسل گزشتہ آٹھ ماہ میں 43 ہزار 844 کروڑ روپے کے دفاعی سودوں کی منظوری دے چکی ہے۔ اس میں سے 32 ہزار 253 کروڑ روپے کے سودے مقامی کمپنیوں کے ساتھ کئے گئے ہیں۔دریں اثناء بھارت روس سے جدید ایس 100ریڈ میزائل خریدے گا۔ دونوں ملکوں نے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ۔ امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے چیئرمین ولیم تھورن بی نے بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا روس سے میزائل خریدنے پر بھارت کو جدید مسلح ڈرونز کی فروخت روکی جاسکتی ہے۔ نئی دہلی یہ ڈرونز پاکستان کے خلاف استعمال کرسکتاہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت چالیس ہزار کروڑ کی لاگت سے جدید ایس فور ہنڈریڈ میزائل روس سے خریدے گا۔ دونوں ملکوں نے خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دی ہے۔ماسکو یہ میزائل جلد نئی دہلی کے حوالے کریگا،روس سے میزائل خریدنے پر بھارت اور امریکہ کا ٹیکنالوجیکل تعاون متاثر ہوسکتاہے۔

ای پیپر-دی نیشن