• news

فیفا ورلڈ کپ‘16 دن باقی‘ ارجنٹائن کے گول کیپر زخمی‘ ٹورنامنٹ سے دستبردار

ماسکو(سپورٹس ڈیسک )فیفا ورلڈ کپ 2018 کا آغاز اگلے 14جون سے روس میں ہورہا ہے اور میگا ایونٹ کا کائونٹ ڈائون شروع ہوچکا ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا جائیگا۔ایونٹ میں 32 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گیں اور ان ٹیموں کو 8 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق گروپ اے میں میزبان روس کے ساتھ یوروگوئے، مصر اور سعودی عرب کی ٹیمیں شامل ہیں، گروپ بی میں پرتگال، مراکش، سپین اور ایران کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ سی فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک، گروپ ڈی میں آرجنٹائن، آئس لینڈ،کروشیا اور نائجیریا کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ ای میں برازیل، سوئیٹزرلینڈ، کوسٹا ریکا اور سربیا شامل ہیں۔گروپ ایف میں دفاعی چمپئن جرمنی کیساتھ، جنوبی کوریا، میکسیکو اور سویڈن، گروپ جی میں بیلجیم، پناما، تیونس اور انگلینڈ جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان کی ٹیمیں موجود ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن کو بڑا دھچکا لگ گیا، گول کیپر سرگیو رومیرو فٹنس مسائل کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے ‘وہ آئندہ ماہ روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، ناہوئل گزمین کو متبادل کے طور پر سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سرگیو رومیرو گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں سرجری کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ ورلڈکپ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن