فکسنگ سکنیڈل: انگلش‘ آسٹریلوی کرکٹرز کے نام آئی سی سی کو موصول
دبئی(سپورٹس ڈیسک) قطری چینل نے مبینہ طور پر فکسنگ میں ملوث انگلش اور آسٹریلوی کرکٹرز کے نام آئی سی سی کو دے دیے۔قطر کے معروف ٹی وی چینل کی جانب سے کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے 54 منٹ پر مشتمل ڈاکومینٹری نشر کردی گئی جس کا نام ’کرکٹ کے میچ فکسرز‘ ہے، اس ڈاکومینٹری کے حوالے سے متعدد چیزیں پہلے ہی منظر عام پر آچکی تھیں۔ سٹنگ آپریشن میں مجموعی طور پر چار میچز کے فکس ہونے کا انکشاف ہوا جس میں سے دو سری لنکا اور دو بھارت میں کھیلے گئے تھے،گال میں آسٹریلیا اور بھارت کے میزبان سری لنکا کے ساتھ میچز میں پچ فکسنگ کا انکشاف کیا گیا جبکہ انگلینڈ کے چنئی اور آسٹریلیا کے رانچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں دونوں مہمان ممالک کے پانچ کھلاڑیوں کی جانب سے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا، ان میں سے تین کا تعلق انگلینڈ اور دو کا آسٹریلیا سے تھا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پچ فکسنگ کے الزامات پر یقین کرنا بہت مشکل ہے ۔ کمیٹی تحقیقات کر کے فیصلہ کرے گی کہ ماضی میں کیا ہوا اور مستقبل میں ایسے اقدامات کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کو روکنے کیلئے سخت فیصلے کئے جائیں گے ۔ایسی کوئی بھی چیز برداشت نہیںکی جائیگی ۔