حکومت 5 برس میں کوئی وعدہ پورا نہ کر سکی‘ عوام احتساب کرینگے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا اپنی مدت پوری کرنا جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے۔ خراب کارکردگی پر عوام خود احتساب کریں گے۔ حکومت نے پانچ سال کی مدت تو پوری کرلی مگر عوام سے کیا گیا کوئی ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکی۔ حکومتیں عام آدمی کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں لاسکیں۔ اشرافیہ کے بنک بیلنس، شوگر ملز، بنگلوںاور پراپرٹیز میں اضافہ ہوا ہے لیکن عام آدمی کی ترقی کی سوئی اسی جگہ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائبان کی طرف سے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب میں کیا۔ افطار ڈنر میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور بزنس کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، ترجمان جماعت اسلامی امیر العظیم، محمد اعظم چیمہ اور ملک شمشیر حسین بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جمہوری رویوںکے فروغ سے ہی ملک میں جمہوریت مستحکم ہوسکتی ہے۔ چاروں صوبوں میں مختلف حکومتیں ہونے کی وجہ سے ملک میں سیاسی ہم آہنگی نہیں رہی۔ عوام کے مسائل وہی ہیں جو 2013ء یا اس سے پہلے تھے۔ لوڈ شیڈنگ اسی طرح جاری ہے۔ حکومت نے اپنے دور میں تاریخی قرضے لے کر قوم کے مستقبل کو گروی رکھ دیا ہے اور ہر پاکستانی ایک لاکھ 30ہزار روپے کا مقروض ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کررہا ہے اور متنازعہ ڈیم بنا کر پاکستان کے حصے کا پانی اپنی طرف موڑ رہا ہے۔ پہلے راوی اور ستلج میں کبھی کبھار پانی دیکھنے کو مل جاتا تھا اب تو دونوں دریائوں میں بچوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کردی ہے۔