• news

تربت: پارہ50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا، ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ

لاہور، کوئٹہ، کراچی، سرائے مغل (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ ایجنسیاں) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ لاہور اور مضافات میں بڑھ گیا۔ ملک میں 45سو میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال ہونے سے بجلی کی بندش کا دورانیہ 10گھنٹے ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو گرمی میں دن گزارنا پڑ رہے ہیں۔ لیسکو کے سبھی علاقوں مں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ خاص کر 11کے وی فیڈرز پر بجلی کا دبائو بڑھنے سے ٹرپنگ بھی جاری ہے۔ لاہور کے اندر بجلی کی بار بار ٹرپنگ کی وجہ کمزور گرڈ سسٹم ہے کیونکہ گرڈ سٹیشن پر لگے پاور ٹرانسفارمرز اوور لوڈ ہیں۔ لاہور کے گنجان آباد علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ زیادہ ہے۔ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی گرمی کا زور بڑھنے لگا گزشتہ روز بلوچستان کا شہرتربت ملک کاگرم ترین شہررہا۔تربت میں پارہ50ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا محکمہ موسمیات کے مطابق تربت میں گزشتہ روزسب سے زیادہ گرمی پڑی جہاں درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ یہ رواں موسم گرماکے دوران تربت منگل گرم ترین دن تھابلکہ اگر یہ کہا جائے کہ ملک بھر میں گرم ترین دن تھاتو غلط نہ ہوگا بلوچستان کے دیگراضلاع لسبیلہ اور سبی میں بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ لسبیلہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48اورسبی میں 47ڈگری سینٹی گریڈرکارڈ کیاگیامحکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی شدید گرمی کی لہربرقرار رہنے کاامکان ظاہر کیاہے شدید گرمی کے دوران طویل بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہریوں اور روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شہری اور دیہی علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں کیسکو حکام بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ لو گوں میں پائی جانیوالی تشویش اورمشکلات کاازالہ ہو سکے۔ کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوںکاجینا محال کردیا، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے شہری سحر وافطاراندھیرے میں کرنے پرمجبور ہوگئے ہیں، کے الیکٹرک بدستورمیں نہ مانوںکی رٹ لگائے ہواہے ۔تفصیلات کے مطابق ماہ صیام میں بھی لوڈ شیڈنگ کا جن قابو میں نہیںآسکا ہے۔ سوئی سدرن کی جانب سے اضافی گیس کی فراہمی بحال ہونے اوربن قاسم پاورپلانٹ کی فنی خرابی دورکرنے کے لئے بیرون ملک سے پرزہ منگوائے جانے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ کراچی کاکوئی علاقہ اس لوڈشیڈنگ سے محفوظ نہیں اب افطاروسحرکے وقت بھی بجلی غائب رہنے لگی۔کراچی کے بلدیہ ٹائون ،سائٹ ایریا،اورنگی ٹائون ،کورنگی ،لیاقت آباد،ناظم آباد، لیاری اولڈسٹی ایریا،گلشن اقبال 6,7اورملحقہ آبادیوںسمیت اکثرعلاقوںمیں10 گھنٹوںسے بھی زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔جبکہ بلدیہ ٹائون اورنگی ٹائون اورسائٹ ایریامیںسحری کے اوقات میں بجلی جاتی ہے اوردن بارہ بجے آتی ہے ۔سحری میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خواتین کوسحری تیارکرنے میں انتہائی مشکلات کاسامنا ہے ۔ کے الیکٹر ک کے خلاف کراچی کے کئی علاقوںمیں روزے کی حالت میں لوگ احتجاج کرنے پرمجبورہیں۔ علاوہ ازیں سرائے مغل میں لیسکو حکام کی رمضان المبارک میں من مانیاں، چہیتوں اور با اثر افراد کو جانے والے فیڈروں پر معمولی لوڈ شیڈنگ، راوی فیڈر پر بجلی بند کرنے کی انتہاکردی، لوڈشیڈنگ آخری حدوں کو چھونے لگی،کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، فصلیں سوکھنے لگیں،کاروبار تباہ ہونے سے نوبت فاقوں تک پہنچ گئی، سارا دن کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا بُرا حال کر دیا،،راوی فیڈر کی عوام نے لیسکو حکام کے خلاف سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے دی۔ لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوامی سماجی حلقوں اور تاجربرادری کے رفاقت علی،چوہدری محمد اصغر اور یگرنے حکومت سے لیسکو حکام کے خلاف نوٹس لیتے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو وارننگ جاری کرتے ہوئے بدھ اور جمعرات کو شہر قائد میں شدید گرمی کی پیش گوئی کر دی۔ سمندری ہوائیں بند اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دو روز تک شہر میں موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ لو چلنے کا امکان ہے۔ماہرین نے کہا کہ ان دنوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

ای پیپر-دی نیشن