• news

افغانستان : سپیشل فورسز کا آپریشن ، چیئرمین سینیٹ کے 17رشتہ دار ہلاک ، متعدد زخمی

کابل( آن لائن+ سنہوا+ اے ایف پی) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں افغان فورسز کے آپریشن کے دوران ایک گھر پر بمباری سے 17 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ صوبائی حکومت کے میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ افغان فورسز کے آپریشن کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد چیئرمین سینیٹ فضل ہادی مسلمیار کے رشتہ دار ہیں۔صوبائی حکومت نے واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔صوبے کے گورنر حیات اللہ حیات نے واقعے کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اس کی فوری تحقیقات پر زور دیا۔ افغان کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عطا اللہ نے تصدیق کی۔آپریشن ضلع چپرھار کے علاقے دولتزئی میں کیا گیا تاہم انہوں نے واقعے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 9 بتائی۔ان کا کہنا تھا ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی پولیس کمانڈر اور سینیٹ چیئرمین فضل ہادی مسلمیار کا ایک رشتہ دار بھی شامل ہے جبکہ دیگر 8 شہری زخمی ہوئے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک لڑکی بھی شامل ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ طالبان نے دعوی کیا کہ فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے تمام شہری سینٹ چیئرمین فضل ہادی کے رشتہ دار تھے۔بتایا جاتاہے کہ ننگرہار میں سپیشل فورسز کے آپریشن میں چیئرمین سینٹ فضل ہادی کے رشتہ دار مارے گئے۔ ادھر سنہوا نیوز کے مطابق کیسپا صوبہ کے ضلع نجراب میں چوکی پر خودکش حملے میں 3 افغان پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن