سو فیصد آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کی توقع نہیں کی جا سکتی: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کینیڈا سے ترکی پہنچ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ترکی کے شہر قونیہ میں قیام پذیر ہیں جہاں انہوں نے مولانا روم کے مزار پر حاضری دی۔ طاہرالقادری 3 جون کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور اتریں گے جہاں کارکن ان کا استقبال کریں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے ۔سربراہ عوامی تحریک شہر اعتکاف میں شرکت کریں گے۔ دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک نے ٹیلیفون پر سینئر رہنمائوں سے گفتگو میں کہا کہ جب تک موجودہ نظام ہے اس وقت تک سو فیصد فیئر اینڈ فری الیکشن کی توقع نہیں کی جاسکتی، ایک ایماندار نگران وزیراعظم اور چار ایماندار نگران وزرائے اعلیٰ اس وقت تک کچھ نہیں کر سکیں گے جب تک سسٹم کو شفاف نہیں بنایا جاتا۔ جب سسٹم ہی ایماندار نہ ہو تو وہاں نگران ایماندار کیا کر سکتے ہیں۔ ماضی میں جتنے بھی نگران وزرائے اعظم آئے ان کی اہلیت پر اور ان کی ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا تھا لیکن فیئر اینڈ فری الیکشن کا تحفہ قوم کو نہ مل سکا۔ پاکستان عوامی تحریک کا اول روز سے یہ موقف رہا ہے کہ الیکشن کمیشن سمیت پورے انتخابی نظام کی اصلاح کی جائے تاکہ مڈل کلاس کے پڑھے لکھے نوجوان پیسے کے عمل دخل کے بغیر بھی اسمبلیوں تک پہنچ سکیں۔