محکمہ صحت شیخوپورہ کا 700 سینٹری پٹرولز کو نوکریوں سے فارغ کرنیکا فیصلہ
فیروزوالہ (نامہ نگار)محکمہ صحت شیخوپورہ نے موجودہ حکومت کے خاتمہ کے ساتھ ہی یکم جون سے 700سینٹری پٹرولز کونوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے بارے میں تحریری طورپر حکومت سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کو بھی آگاہ کردیاگیا ہے ذرائع نے بتایاہے کہ پنجاب میں ڈینگی کی وباء پھیلنے پر انسدادی کاروائیاں شروع کرنے پر یہ بات سامنے آئی کہ محکمہ صحت میں فیلڈ ڈیوٹیوں کے لیے سٹاف کی شدید کمی ہے جس پر ضلع شیخوپورہ میں سے 200ملازمین کنٹریکٹ پربھرتی کیے گئے جس کے بعدمزید700 ملازمین یومیہ اجرت پربھرتی کیے ڈینگی کی وباء ختم ہونے کے بعد ان میں سے زیادہ ملازمین بااثر شخصیات کے ڈیروں اوردفاتر میں اسی طرح کام کرتے تھے جس طرح محکمہ لائیوسٹاک کے بعض اہلکابااثر شخصیات کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ اب ڈینگی سرویلنس پروگرام کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیاہے کہ محکمہ صحت کے پاس فنڈز نہ ہیں اورریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کے واجبات کاحجم بھی کئی کروڑ روپے بن گیا جس کی بناء پر یکم جون سے ان سینٹری پٹرولز کی آسامیاں ختم کرنے کافیصلہ کیا گیاہے دریں اثناء ایمانداری سے سینٹری پٹرولز کی ڈیوٹی انجام دینے والے سینکڑوں محنت کشوں میں اس فیصلے سے تشویش کی لہر دوڑگئی ہے ان ملازمین کاکہناہے کہ وہ احتجاجاً عید کی خوشیاں نہیں منائیں گے اس فیصلے سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے۔