استغاثہ میرے خلاف کیس مستحکم کرنے میں ناکام رہا، گواہ آج پیش نہیں کروں گا، کیپٹن صفدر
اسلام آباد (نا مہ نگار) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے اپنا مکمل بیان قلمبند کرادیا ہے جس کے بعد کیس کی سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی گئی ہے، عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کوآج طلب کر لیا ہے۔ سماعت کے دوران کیپٹن(ر)صفدر نے کہا کہ استغاثہ میرے خلاف کیس کو مستحکم کرنے میں ناکام رہا ہے لٰہذا میںنے فیصلہ کیا ہے کہ اس کیس میں اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کروں گا، جج محمد بشیر نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا بیان خود لے کر دیکھا اور کہا کہ کہیں اس میں کوئی ایسی ویسی بات نہ ہو جس پر ملزم کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ اس میں ایسا کچھ نہیں جس کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنا بیان پڑھنا شروع کیا، جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ تقریر تو نہ کریں، جس پر کیپٹن صفدر نے کہا کہ میں پڑھنا چاہتا ہوں میڈیا کے لوگ بھی کھڑے ہیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرنے 48سوالات کے جواب دئیے جن میں سے بیشتر کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سوالات ان سے متعلق نہیں ہیں۔جبکہ گزشتہ روز انہوں نے 128میں سے 80سوالات کے جواب دئیے تھے ۔سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے نواز شریف اور مریم نواز کی عدم حاضری پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ملزمان کہاں ہیں بتایا جائے ؟ ہم اعتراض کر سکتے ہیں کہ ملزمان کیوں نہیں آئے ، وکیل صفائی نے ملزمان کے استثنیٰ کی درخواست بھی نہیں دی ، ملزمان کی حاضری ہر صورت ہونی چاہئے تھی۔ جس پر وکیل مریم نواز نے کہا آپ ہم سے نہیں عدالت سے پوچھیں، استثنی کی درخواست عدالت میں جمع کرائی۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ واجد ضیا کے پیش کردہ 12جون 2012ءکا خط میرے متعلق نہیں اور یہ خط فرد جرم قوانین کے مطابق تصدیق شدہ نہیں۔ فرد جرم قوانین کے مطابق تصدیق شدہ نہیں۔ موزیک فونسیکا کا خط بھی میرے متعلق نہیں، یہ خط پرائمری دستاویز نہیں جسے شہادت کے طور پر نہیں لیا جا سکتا اور خط کو شہادت کے طور پر قبول کرنا شفاف ٹرائل منافی ہوگا۔ حسن اور حسین میرے برادران لا ہیں، دونوں کا مفرور ہونا میرے خلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا، حسن اور حسین نواز اپنے کیے کے خود ذمہ دار ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا شکر ہے کچھ تو مانے۔ انہوں نے کہا کہ واجد ضیا کے پیش کردہ اسکرین شاٹس اور جافزا کے فارم 9کی کاپی مجھ سے متعلق نہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ میرے موکل کا بہت سی چیزوں سے تعلق ہی نہیں اور بہت سی چیزیں ان کی شادی سے قبل کی ہیں۔
کیپٹن صفدر/ بیان