بھارت، انڈونیشیا بحرہند میں مشترکہ بندرگاہ تعمیر کرینگے، دفاعی، معاشی تعاون بڑھانے سمیت 15معاہدے
جکارتہ (صباح نیوز) بھارت اور انڈونیشیا نے بحرِہند میں مشترکہ بندرگاہ کے قیام، دفاع اور معیشت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اتفاق رائے کا اعلان بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے انڈونیشیا کے دورے کے دوران کیا گیا۔ بھارتی وزیر اعظم تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہیں جہاں انہوں نے بدھ کو صدر جوکو ودودو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں نے بحر ہند میں انڈونیشیا کی حدود میں سٹرٹیجک بندرگاہ تعمیر کرنے اور دفاعی اور سمندری تعاون میں اضافے کا عزم ظاہر کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت آسیان میں انڈونیشیا کے مثبت کردار کو اہمیت دیتا ہے اور اس کے ساتھ تعاون اور تجارت میں اضافے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے حال ہی میں انڈونیشیا میں گرجا گھروں پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی بھی مذمت کی۔ انڈونیشیا کے صدر ودودو نے کہا کہ بھارت ان کے ملک کا ایک اہم سٹرٹیجک دفاعی شراکت دار ہے اور دونوں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں باہمی تعاون کو جاری رکھیں گے۔ بھارتی وزیر اعظم کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے 15 معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی تجارت کو 50 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ نریندر مودی نے جکارتہ کی مشہور استقلال مسجد کا دورہ بھی کیا اور مسجد کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ خطے کے اپنے اس دورے کے دوران مودی ملائیشیا اور سنگاپور بھی جائیں گے۔
معاہدے