3 جی 4 جی کی نیلامی : نیب کی انوشہ‘ اسحاق ڈار‘ اسماعیل کیخلاف تحقیقات
اسلام آباد (نوخیز ساہی، دی نیشن رپورٹ+آئی این پی+ نامہ نگار) نیب نے وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، اسحاق ڈار اور پی ٹی اے کے سابق چیئرمین سید اسماعیل شاہ اور دیگر کے خلاف نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے غیر قانونی کنٹریکٹ کے الزام میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بیورو نے ملزموں کے بنک اکاﺅنٹس اور اثاثوں کی تفصیلات 4 جون تک حاصل کرنے کیلئے سٹیٹ بنک، فیڈرل ریونیو بورڈ اور الیکشن کمشن کو خط لکھ دیا ہے۔ پاکستان نے 2014ءمیں 3 جی اور 4 جی کی نیلامی سے 1.1 ارب ڈالر حاصل کئے تھے۔ علاوہ ازیں چیئرمین نیب نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناءاﷲ زہری‘ میئر کراچی وسیم احمد‘ سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور رکن پنجاب اسمبلی مہر اعجاز کے خلاف الگ الگ کیسوں کی انکوائریوں کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق سردار ثناءاﷲ زہری پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے اور چیئرمین نیب کو اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی تھی۔ چیئرمین نیب نے سردار ثناءاﷲ زہری کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دیدی۔ میئر کراچی وسیم احمد کے خلاف سرکاری فنڈز میں دس ارب روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔ چیئرمین نیب نے میئر کراچی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دیدی جبکہ سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری ہوگی اور لیہ سے رکن پنجاب اسمبلی مہر اعجاز احمد کے خلاف سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری ہوگی۔ دریں اثنا جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کاشف ممتاز گوندل جن کو مبینہ بدعنوانی اور مس کنڈکٹ کی بنیاد پر معطل کردیا تھا اس کی اپنے ساتھیوں سمیت منڈی بہاﺅ الدین میں تاجر فیصل شہزاد کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او منڈی بہاﺅ الدین کو نیب کے معطل ڈپٹی ڈائریکٹر کاشف ممتازگوندل کے خلاف تاجر فیصل شہزاد کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ ڈی پی او منڈی بہاﺅ الدین نے چیئرمین نیب کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے نیب کے معطل ڈپٹی ڈائریکٹر کاشف ممتاز گوندل اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ سول لائن ضلع منڈی بہاﺅ الدین میں ایف آئی اے درج کرکے نیب کے معطل ڈپٹی ڈائریکٹر کاشف ممتاز گوندل کے خلاف ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
انکوائری