چیمپئنز ٹرافی، 22 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان، قیادت رضوان سینئر کریں گے
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ ہالینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنے 22 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کا انتخاب کرنے کے لیے منعقد ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے لیے ہالینڈ سے منگوایا گیا جدید ٹیکنالوجی کا جی پی ایس سسٹم سے جائزہ لیا گیا۔ جس سے کھلاڑیوں کی فٹنس کے احوال معلوم ہونے کے ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم ہو جاتا ہے کہ کونسا کھلاڑی انجری چھپا رہا ہے اور کسے آرام کی ضرورت ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے ایک روزہ ٹرائلز منعقد ہوئے جس کا جائزہ لینے کے لیے پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد سینئر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جبکہ چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے 22 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا۔ قومی ٹیم کی قیادت رضوان سینئر کریں گے جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، عماد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، ابوبکر، عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، رضوان سینئر، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز احمد، رانا سہیل اور دلبر شامل ہیں۔چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آئندہ ماہ 23جون سے یکم جولائی تک نیدرلینڈ کے شہر بریڈا میں منعقد ہو گی اور یہ37ویں اور آخری چیمپیئنز ٹرافی ہو گی۔ایونٹ میں پاکستان سمیت چھ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں آسٹریلیا، نیدرلینڈ، بیلجیئم، ارجنٹینا اور بھارت شامل ہیں۔