عمران یوٹرن کے ماہر، نگران وزیراعلیٰ پر مؤقف میں تبدیلی تازہ مثال ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اے این این) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگززیب نے کہا ہے کہ جھوٹ پاکستان تحریک انصاف کا سرفہرست المیہ اور عمران خان یو ٹرن کے ماہر ہیں، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے ان کے موقف میں تبدیلی تازہ مثال ہے، جلدی میں نام دینے کا جواز پیش کرنا ان کی سیاسی نا پختگی کی علامت ہے، پی ٹی آئی ہر کام جلدی میں کرتی ہے، عمران خان نے دھرنا بھی جلدی میں دیا، لاک ڈائون بھی جلدی میں کیا، پی ٹی وی پر حملہ بھی جلدی میں کیا، عوام کی نمائندگی کرنا کوئی گڈا گڈی کا کھیل اور مذاق نہیں، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان خود پی ٹی آئی کو ہوا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے پارلیمان کے اندر ہو تو وہ جمہوریت کو تقویت دیتا ہے، پارلیمان کے باہر اختلاف رائے دھرنوں اور لاک ڈاون کی صورت میں ہو تو ملک کو نقصان ہوتا ہے، موجودہ اور سابقہ 5سالہ دورکا موازنہ کیا جائے تو فرق واضح ہے، دہشتگردی میں 52فیصدکمی آئی ہے،آئندہ الیکشن میں عوام کارکردگی کی بنیاد پرووٹ دینی کا فیصلہ کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری نظام میں اپوزیشن کاحکومت سے زیادہ کردارہوتا ہے،ہمیشہ منفی سیاست سے گریز کرناہوگا،،پاکستان میں تیز ترین ترقی کی وجہ سے نوجوان اپنی روایات و تہذیب سے دورہو رہے ہیں،ہمیں اختلاف رائے کو دشمنی نہیں بنانی چاہیے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ثقافت صوبوں کو ایک دوسرے سے جوڑ سکتی ہے، حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی ثقافتی پالیسی کی منظوری دی ہے۔