• news

کراچی: گرمی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

کراچی، پشاور (کرائم رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ بیورو رپورٹ ) کراچی میں بدھ کو قیامت خیز گرمی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ 30 مئی 2018ء موجودہ موسم گرما کا گرم ترین دن رہا اور پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ سمندر کی سمت سے ہوائیں بند ہوگئیں۔ قیامت خیز گرمی نے گزشتہ روز مزید دو افراد کی جان لے لی۔ بدھ کے روز کینٹ سٹیشن کے قریب 70 سالہ شخص شدید گرمی کی تاب نہ لاکر چلتے چلتے گرا اور آناً فاناً موت کی وادی میں پہنچ گیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ نیو کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں 26 سالہ قربان ہیٹ سٹروک کی وجہ سے جان کی بازی ہارگیا۔ واضح رہے گزشتہ روز بھی نیپا چورنگی کے قریب ڈیڑھ سالہ عثمان بھی گرمی کے سبب ہلاک ہوگیا تھا۔ بدھ کو گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی اور گرمی سے گذشتہ روز کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ افراد متاثر ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسکے علاوہ پرانی سبزی منڈی ‘ شاہراہ فیصل اور نمائش چورنگی سمیت مختلف علاقوں میں گرمی سے پریشان لوگوں کو پانی کی بوچھاڑ سے نہلانے کا انتظام بھی کیا گیا۔ قصور میں بھی ایک بزرگ گرمی کی شدت سے جاں بحق ہوگیا۔ ریلوے کوارٹر ریسٹ ہائوس کے قریب پولیس کو 55 سالہ بزرگ کی نعش ملی جس کے جسم پر بظاہر کوئی نشانات نہیں ہیں۔ تاہم پولیس اور شہریوں کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص گرمی کی شدت سے دم توڑ گیا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے خیبر پی کے میں گرمی میں اضافہ اور ہیٹ سٹروک کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دس دنوں میںپشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں شدید گرمی کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس میں ہیٹ سٹروک کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن