سعودی اتحادیوں کی یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری ،24 مارے گئے ، 32 زخمی
ریاض(آن لائن )سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے جنوب مغربی صوبے اِب میں واقع نظامت المخادر میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اور راکٹ لانچروں کی جگہ پر بمباری کی ،جس کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے فوجی آلات اور ٹھکانے تباہ اور 24حوثی جنگجو ہلاک جبکہ32 زخمی ہوگئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحاد کے لڑاکا جیٹ نے المخادر میں واقع علاقے شنین میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بنایا اور ان کی راکٹ چھوڑنے کی تنصیبات کو تباہ کردیا ہے۔اتحادی طیاروں نے دارالحکومت صنعاء کے جنوب میں واقع علاقے سنحان میں قاع القیضی اور جربان اور تعز شہر کے شمال مغرب میں واقع جبل العوید میں بھی حوثیوں کے ٹھکانوں اور فوجی اہداف پر بمباری کی۔ایران نے یورپی طاقتوں کو یمن میں جنگ بندی کی حمایت کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے،یورپی طاقتوں نے مشرق وسطیٰ میں ایرانی کردارکو محدود بنانے اوراس کے ساتھ ساتھ امریکی صدرکو یہ باورکرانے کے لیے ایرانی حکومت کوبھی سمجھوتے کرنے پرتیارکیا جا سکتا ہے۔،اس کیلئے رواں برس کے اوائل میں ایران سے خفیہ مذاکرات کا آغازکیا تھا،ان مذاکرات میں بڑی حد تک مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔گزشتہ روز ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یمن میں انسانی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’ہم نے برطانیہ،فرانس اور جرمنی کیساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ اس تنازعے کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔اس کا مقصد جنگ بندی معاہدے کو یقینی بنانا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی مدد کی جا سکے۔اس سلسلے میں ہم اپنے اتحادیوں کو مذاکرات کی میزپرلانے کیلئے بھی اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔