نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ دوسرے یونٹ سے پیداوار شروع‘ 185 میگاواٹ بجلی نظام میں شامل
لاہور (کامرس رپورٹر) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے یونٹ نمبر2 نے بھی مکینیکل ٹیسٹ رن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا یونٹ کو قومی نظام کے ساتھ منسلک کردیا گیا ۔ یونٹ نے بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے۔ ٹیسٹ رن کے دوران یونٹ نے 185 میگاواٹ تک بجلی پیدا کی۔یونٹ کو بتدریج پوری پیداواری صلاحیت یعنی 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا۔ یونٹ نمبر2 کو بھی کمرشل آپریشن سے پہلے ریلائی ایبلٹی ٹیسٹ اور ریلائی ایبلٹی پیریڈ کے مراحل سے گزارا جائے گا۔ 18 مئی سے نیلم جہلم پراجیکٹ کا یونٹ نمبر3 اپنے 30 روزہ ریلائی ایبلٹی پیریڈ سے گزر رہا ہے۔ اور قومی نظام کو اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ بجلی فراہم کررہاہے ۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے اب تک قومی نظام کوتقریباً 9 کروڑ یونٹ بجلی مہیا کی جاچکی ہے ۔بجلی کی یہ مقدار تقریباً ایک ارب روپے آمدنی کے مساوی ہے۔ مجموعی پیداواری صلاحیت 969 میگاواٹ ہے ۔ اِس کے 4 پیداواری یونٹ ہیں، ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ ہے ۔ پراجیکٹ کے چاروں یونٹ اِس سال جولائی تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے ۔