نواز شریف کو آئین کی حکمرانی پارلیمنٹ کی بالادستی پر بات کرنے کی سزا دی جا رہی ہے‘ اچکزئی
اسلام آباد (آئی این پی) محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو آئین کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنے پر سزا دی جا رہی ہے،قومی اسمبلی کی بدقسمتی ہے کہ اس کے ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کیا گیا، عمران خان، بلاول بھٹو، فضل الرحمان اور نواز شریف قوم سے وعدہ کریں کہ وہ کسی کے ماتحت نہیں بنیں گے بلکہ دوسرے لوگ اس پارلیمنٹ کے ماتحت ہوں گے،سیاسی پارٹیوں کو توڑنے سے پاکستان نہیں چلے گا۔ وہ قومی اسمبلی میں الوداعی خطاب کر رہے تھے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اس ایوان کی بدقسمتی تھی نواز شر یف کو واضح اکثریت ہونے کے باوجود نااہل کیا گیا، حکومت میں بیٹھے لوگوں نے اپنے پتے ٹھیک طرح نہیں کھیلے، حکومت کے پاس2تہائی اکثریت تھی، وہ ایوان میں ووٹنگ کے ذریعے کورٹ کے فیصلوں کو بدل سکتی تھی، مگر ایسا نہیں کیا، میں نے نواز شریف سے آج تک کوئی فائدہ نہیں اٹھایا، اگر اس نے کوئی غلط کام کیا ہے تو اس کو سزا دی جائے۔ نواز شریف کو سزا اسلئے دی جا رہی ہے کہ وہ آئین کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتا ہے گن پوائنٹ پر فاٹا کا خیبر پی کے میں انضمام کرایا گیا، کوئی بھی آئین سے نہ کھیلے، جو الیکشن جیتتا ہے اسے جیتنے دیں، مجھے جس دن محسوس ہوا کہ عوام کے مینڈیٹ کو نہیں مانا جا رہا توخاموشی سے گھر چلا جاﺅں گا، آئین ہمارا ہے جو سپریم ہے، جمہوری ملک میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور ارکان کو ایک کرنل، جرنیل اور بریگیڈیئر فون نہیں کرتے ، ایسے جمہوریت مضبوط نہیں ہو گی۔
اچکزئی