بھارت کا سرحد پار کرنیوالے نوجوان کی شہریت کی تصدیق کیلئے پاکستان سے رابطہ
لاہور(صباح نیوز)بھارت کی بارڈرسیکیورٹی فورس نے غلطی سے سرحدعبورکرنیوالے 32 سالہ نوجوان کی شہریت کی تصدیق کے لئے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا ہے، بھارت کی طرف سے بھیجی گئی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ آصف نامی نوجوان نے خودکشی کے ارادے سے سرحدعبورکی تھی۔ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے پاکستانی حکام کوبھیجی گئی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ بارڈرسیکیورٹی فورس نے مابوکی بارڈر ایریا سے ایک 32 سالہ نوجوان آصف کو پیر کے روزگرفتارکیا تھا ، آصف نامی یہ نوجوان قصورکے نواحی علاقہ جھلے کی کا رہائشی ہے، وہ اس ارادے سے پاکستانی سرحدعبورکرکے بھارت میں داخل ہوا کہ بی ایس ایف کے جوان اسے گولی ماردیں، وہ خودکشی کرنا چاہتا تھا تاہم اسے زندہ پکڑکرمقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔بھارتی حکام کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آصف اپنے بڑے بھائی کی سالی سے محبت کرتا تھا مگراس نے اس سے شادی سے انکارکردیا، اس لڑکی کی کسی اور جگہ شادی ہوگئی جہاں سے اس نے کچھ عرصے بعد طلاق لے لی، لڑکی کے طلاق لینے کے بعد آصف نے دوبارہ اس لڑکی کا رشتہ مانگا مگریہ پیش کش مستردکردی گئی جس کے بعدآصف نے خودکشی کا ارادہ کیا ۔