پی ٹی آئی کا طرز عمل ناصر کھوسہ اور انکے خاندان کیلئے شرمندگی کا باعث بنا: رانا ثناء
اسلام آباد(نا مہ نگار) رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کا نظام سنبھالنے کی دعویدار جماعت دیانتدار بیوروکریٹ کے لئے پریشانی کا سبب بنی۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد پہنچے اور اپنے قائد کے ساتھ احتساب عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا یہ مستقل رویہ ہے کہ وہ فیصلہ پہلے کرتے ہیں اور سوچتے بعد میں ہیں۔ پی ٹی آئی کا یہ عمل ناصرکھوسہ اور انکے خاندان کیلئے شرمندگی کا باعث بنا، پی ٹی آئی کم از کم یہی کرلیتی کہ ناصرکھوسہ سے درخواست کرتی کہ آپ اپنا نام خود واپس لے لیں، تحریک انصاف نے نگران وزیراعلی کے نام پر ناصر کھوسہ اور پوری قوم کو شرمندہ کیا، انہوں نے کہا کہ مشاورت کا عمل مکمل ہو چکاہے، ایک نام پر اتفاق کے بعد آئین میں دوبارہ سے مشاورت کی گنجائش نہیں ہے۔