• news

مقبوضہ کشمیر: مزید 2نوجوان شہید، مظاہرے ، جھڑپیں ، متعدد زخمی، بھارتی کرنل کی پرااسرار ہلاکت

سرینگر (اے این این+ این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری شہید،لوگوں کا احتجاج، جھڑپوں میں متعدد زخمی ہو گئے۔ پلوامہ میں کمانڈر سمیر ٹائیگر کے مقبرے کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقوں قاضی آباد اور ہندوارا میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا اور علاقوں کا مکمل محاصرہ کرلیا گیا جب کہ اس دوران قابض فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان مجاہد تھے اور جھڑپ میں مارے گئے۔ واقعہ کیخلاف لوگوں نے گھروں سے نکل کر احتجاج کیا۔ اس دوران مشتعل مظاہرین نے فورسز اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔ بھارتی فوج نے لوگوں پر فائرنگ اور پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور کئی بینائی سے محروم ہو گئے۔ ادھر پلوامہ میں سابق حزب کمانڈر سمیر ٹائیگر کی قبر کی بے حرمتی کے خلاف لوگوں نے علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے کر کے شوپیان پلوامہ روڑ پرٹریفک کی نقل حمل روک کر ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا۔ ادھر شو پیاں کے سوگن علاقے میں سیکورٹی فورسز نے شبانہ چھاپوں کے دوران 3نو جوانوں کی گر فتاری عمل میں لائی۔ ادھر بھارتی فوج کا ایک کرنل جموں میں پراسرار طور پر مردہ حالت میں پایاگیا ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل سنت کابی ایک فوجی کیمپ میں بیہوش پایا گیا اور اس کے منہ سے خون بہہ رہا تھا ۔فوری طورپر اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال جموں منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے سنت کابی کو مردہ قراردیا۔ سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام ، جامع مسجد سرینگر اور دیگر مذہبی مقامات کے ارد گرد فورسز کی تعیناتی، غیر قانونی طور پر نظربند کشمیریوں پر تشدداور جبر واستبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی طرز کی کارروائیاں کر رہا ہے۔مشترکہ قیادت نے بھارتی چیرہ دستیوں کے خلاف دو جون بروز ہفتہ مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑٹال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری میں جاری ایک بیان میںبھارتی فورسز کی طرف سے حریت پسندوں کے رہائشی مکانوں کو مسمار کرنے اورپھلوں کے باغات کو نقصان پہنچانے کے عمل کو بدترین سامراجیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں بزدلی کے سوا کچھ نہیں۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر امن برقراررکھنے کے پاکستان اور بھارت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں کہاکہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر امن برقرار رکھنا پاکستان اور بھارت دونوں کیلئے ایک نیک شگون ہے۔ وادی میں 12 سال قبل 2006 میں بے نقاب ہوئے بدنام زمانہ سیکس سکینڈل کیس میں چندی گڑھ کی خصوصی عدالت نے سرحدی حفاظتی فورس کے سابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ مجرموں کیلئے4 جولائی کو سزا دینے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ میجر گگوئے کو ایک ہفتہ قبل سرینگر کے ایک ہوٹل میں دوشیزہ کے ساتھ مشکوک حالت میں حراست میں لینے کے واقعہ کی پولیس نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں رپورٹ پیش کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا میجر گگوئی نے خود کو ایک مسلم نوجوان کے بطور دوشیزہ سے متعارف کرایا اور اس سلسلے میں ایک مقامی فوجی اہلکار سمیر ملہ سے بھی مدد حاصل کی۔ لڑکی کا کہنا ہے میںفیس بک پر گگوئی کو جانتی تھی اور اسکی دوست بن گئی تھی، اس کا نام پہلے فیس بک پر عبید رحمان تھا اور بعد میں،اس نے مجھے کہا کہ اس کا نام گگوئی ہے اور وہ بیروہ میں تعینات ہے، پہلے مجھے معلوم نہیں تھا کہ وہ فوجی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن