پاکستان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں: افتخار ملک
اہور ) کامرس رپورٹر )سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے لئے انتہائی پرکشش ہے اور بھرپور کوششیں کی جائیں تو 100 ارب ڈالر کا ہدف با آسانی حاصل ہوسکتا ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر غضنفر علی بلور کی طرف سے سارک اور دیگر ممالک کے ہائی کمشنرز اور سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے دیگر علاقائی ممالک خاص طور پر بھارت کے ساتھ سخت مسابقت کا سامنا ہے۔چین، جاپان، فرانس، آسٹریلیا، برطانیہ، ترکی، بھارت، بیلاروس، ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان، آذربائیجان، مراکش، متحدہ عرب امارات، نیپال، سوئٹزرلینڈ، سری لنکا، سوڈان، بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ، آسٹریا، تیونس سمیت مختلف ممالک کے ڈپلومیٹس نے تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ انہیں پاکستان میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے یہاں صنعتی یونٹس قائم کرنے چاہئیں اور غیر ملکی سفارتکاروں کو چاہیئے کہ وہ اپنے ممالک میں سرمایہ کاروں کو ان مواقع کے بارے میں آگاہ کریں۔