• news

حلقوں کا علم نہ ہونے سے الیکشن کا ماحول نہیں بن رہا: شیخ رشید

راولپنڈی (آئی این پی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی صورتحال خطرناک ہے اگر بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر اسی طرح کم ہوتے گئے تو قسطوں کی ادائیگی جان لیوا ثابت ہوگی، الیکشن کا ماحول ہی نہیں بن رہا کیونکہ لوگوں کو حلقوں کا ہی پتہ نہیں، آئندہ الیکشن میں حلقہ این اے 60، 61اور 62راولپنڈی میں ”بلا“ اور”قلم دوات“ پاکستان کی سیاست کا رخ موڑ دیں گے اور ن لیگ کو تینوں حلقوں میں تاریخی شکست دیں گے، نیواسلام آباد ایئرپورٹ بناکر اہالیان راولپنڈی کو فضائی سہولتوں سے محروم کردیا گیا، راولپنڈی میں ہمارا ہسپتال، کالج اور شیخ رشید ایکسپریس نہیں بنائی گئی اور کمیشن کھانے کے لئے میٹروبس سروس بنائی گئی، شہر میں پانی اور بجلی نہ ہونے سے لوگ بلبلا رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز ڈھوک نجو یونین کونسل 12میں افطار جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نہ کاغذات نامزدگی ہیں، نہ حلقہ بندی ہے، نہ ووٹر لسٹ ہے، نہ ہی پریذائیڈنگ افسر ہیں اور پھر بھی اصرار ہے کہ الیکشن وقت پر ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگیوں نے اپنے دوراقتدار کے آخری ہفتے میں نامکمل منصوبوں پر افتتاحی تختیاں لگاکر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی لیکن اب لوگ بڑے باشعور ہیں اور اپنے ووٹ کے ذریعے انہیں شکست سے دوچار کریں گے۔
شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن