• news

غزہ : اسرائیلی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ،رضا کار خاتون شہید، 100سے زائد افراد زخمی

غزہ‘ قاہرہ (اے ایف پی+این این آئی)غزہ میں مسلسل دسویں جمعہ کو بھی ہزاروں فلسطینیوں نے مظاہرہ کیا اور اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمیوں کا علاج کرنے والی خاتون رزن نجار شہید اور 100 سے زائد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ادھر قاہرہ میں مصر اور اردن کے وزرائے خارجہ اور تنظیم آزادی فلسطین PLO کی مجلس عاملہ کے سیکرٹری کے درمیان مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تینوں ممالک کے انٹیلی جنس سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مسئلہ فلسطین سے متعلق خصوصی پیش رفت اور فلسطینی اراضی میں ہونے والی حالیہ جارحیت کو زیر بحث لایا گیا۔ بین الاقوامی فیصلوں کے مطابق 4 جون 1967ء کی سرحدوں پر ایک فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ اجلاس کے شرکاء نے حالیہ جارحیت کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں بھیانک خطرات سے خبردار کیا جو فلسطین کے مسئلے کے ایک پرامن اور منصفانہ حل کی راہ میں رکاوٹ ہوں گے لہٰذا عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی فیصلوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق دو ریاستی حل کی بنیاد پر تنازع کے حل کے لئے کوششیں کرے۔

ای پیپر-دی نیشن