جمہوری عمل میں رکاوٹیں ڈالنے سے ملک بہت پیچھے چلا جائے گا: راجہ ظفرالحق
راولپنڈی(آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی چیئرمین سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ پوری قوم انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کی بھر پور مخالف ہے، جمہوری عمل میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو ملک بہت پیچھے چلا جائیگا، تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ انتخابات ہوں اور جمہوری عمل کا تسلسل جاری رہنا چاہیے، انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و بربریت کی مثال مقبوضہ کشمیر میں ملتی ہے، اسرائیل نے بھی فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑتوڑ رکھے ہیں، او آئی سی اپنے کردار کو موثر کرے اور مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگی راہنما سجاد خان کی طرف سے کمیٹی چوک گرین پیلس کے باہر دی گئی ایک بہت بڑی افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،تقریب میںطارق فضل چوہدری،انجم عقیل خان، طارق فاطمی ،بیگم عشرت اشرف،سیما جیلانی، حاجی پرویز خان،ڈاکٹر جمال ناصر،بیگم تحسین فواد،شیخ ارسلان حفیظ،شیخ ساجد،ملک ناظم الدین ناظم،خالق حسین بھٹی،مرزا منصور بیگ ،مقبول احمد خان، الیاس سبحانی،شرجیل میر،پیر مشرف،راجہ مشتاق،راجہ حفیظ،شیخ خان محمد خان،چوہدری انعام ظفر،ملک حفیظ اعوان، سمیت دیگر بھی شریک تھے۔راجہ ظفرالحق نے کہا کہ چوہدری تنویر خان راولپنڈی کی شان ہیں جنہوں نے ہر مشکل دور میں مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کا ساتھ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو جس طرح کے کیس میں نااہل قرار دیا گیا ایسے ہی کیس میں خواجہ آصف کو بری کردیا گیا، اب نواز شریف کو بھی حقیقی انصاف ملے گا،سابق وفاقی وزیر بیرسٹر دانیال عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی کے ایک شخص نے کہا تھا کہ ہم نواز شریف کا مقابلہ کرسکتے ہیں لیکن نواز شریف کے ہاتھوں کی لکیروں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ قوم ایمپائر کی انگلی کا انتظارکرنے والوں،جمہوریت کے خاتمے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے والوں اور الیکشن کمیشن کو چٹھیاں لکھنے والوں کے ساتھ نہیں بلکہ ملک سے اندھیرے ختم کرنے،ملک میں امن بحال کرنے اور ملک کو مثالی ترقی دینے والے نواز شریف کے ساتھ ہے،سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا کہ ہم ہر مشکل اور کڑے امتحان میں نوازشریف کے ساتھ ہیں۔