مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف الیکشن میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں: مولا بخش چانڈیو
لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ آدھے آدھے گھنٹے میں نگران وزیراعلیٰ کا نام تبدیل کرنے والے کیا تبدیلی لائیں گے، (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کو لڑنے، گالم گلوچ اور الزام تراشی کے سوائے کچھ نہیں آتا۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جی ٹی روڈ کی جماعتوں نے آئینی اور جمہوری عمل کو مذاق بنا دیا ہے، انتخابات کوئی کھیل نہیں، ملک و قوم کے مستقبل کا سوال ہے، (ن) لیگ اور تحریک انصاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، یہ صرف وہ انتخابات چاہتے ہیں جن میں انہیں اقتدار ملے مگر پی پی پی انتخابات کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی پر (ن) لیگ کی نااہلی اور پی ٹی آئی کی غیرسنجیدگی عیاں ہوگئی ہے، (ن) اور تحریک انصاف نے ثابت کر دیا کہ ان میں خود فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں، دونوں جماعتیں بے ساکھیوں، ڈکٹیشن اور ایمپائر کی انگلی کے اشاروں پر ہی چل سکتی ہیں۔