مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کو گاڑی تلے کچل دیا‘ ایک نوجوان شہید6 زخمی
سرینگر + اسلام آباد(اے این این+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب امن کے وعدے زمین بوس، سرینگر میں فوج نے گاڑی مظاہرین پر چڑھا دی، ایک نوجوان شہید 6زخمی، ایک کی حالت نازک، سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں احتجاج اور جھڑپیں، سرینگر، کھنہ بل، ترال، اوڑی اور پلوامہ میں7گرینیڈ دھماکے، ایک اہلکار ہلاک، 5 اہلکاروں سمیت 6 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نوجوانوں نے نوہٹہ چوک میں پرامن طور پر احتجاج کیا،اور اس دوران سی آر پی ایف کی ایک گاڑی وہاں سے گزری اور مظاہرین نے اس پر شدید پتھراﺅ کیا جس پر فوجی اہلکاروں نے گاڑی مظاہرین پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعد میں قیصر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ نثار کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔قیصر کی شہادت کی خبر ملتے ہی لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیا ۔اس دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروں اور گاڑیوں پر پتھراو¿ کیا گیا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعہ سے متعلق سی آر پی ایف ترجمان سنجے شرما نے بتایا کہ قریب 600احتجاجی مظاہرین سی آر پی ایف کی گاڑی کے ارد گرد جمع ہوئے جبکہ گاڑی میں سی آر پی ایف کا ایک سینئر افسر سفر کر رہا تھا جو کہ علاقے میں فورسز کی تعیناتی کی جانچ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایامشتعل ہجوم نے گاڑی کا عقبی درواز کھولنے کی کوشش کی تاہم وہ اندر سے بند تھا مگر انہوں نے گاڑی کے شیشوں کو چکنا چور کیا۔ اس دوران سید علی گیلانی،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے گاڑی لوگوں پر چڑھانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہا ایک طرف یہاں کے عوام کیخلاف مار دھاڑ، قتل و غارتگری کا سلسلہ جاری ہے اور دوسری طرف ہمارے بے شمار کشمیری سیاسی قیدی کشمیر اور بھارت کے مختلف ریاستوں کی جیلوں میں اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں۔ ادھر ترال میں رکن اسمبلی کے گھر پر بھی گرنیڈ حملہ کیا گیا۔ سری نگر میں موبائل، انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے اور غیراعلاانیہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ فورسز نے یاسین ملک کو گرفتار کر لیا جبکہ میر واعظ کو گھر میں نظربند کر دیا گیا ہے۔ کل جماعتی حرےت کانفرنس ع کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے مطالبہ کیا ہے کہ جیلوں میں بند قیدیوں کو غیر مشروط رہا کیا جائے، کالے قوانین کا خاتمہ کیا جائے، کشمیر سے فوجی انخلا عمل میں لایا جائے اور وادی کے طول و عرض میں قائم بنکروں، Barracade اور واچ ٹاوروں کو ہٹایا جائے۔ سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر کی جامع مسجد کے باہر ایک نوجوان کی فورسز کی گاڑی سے ٹکر سے موت کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا رمضان سیزفائر کا مطلب نوجوانوں کو بندوقوں سے نہیں بلکہ گاڑیوں سے کچل کر ہلاک کرنا ہے۔ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک بھارتی فوجی اہلکار حوالدار راجپال سنگھ نے خودکشی کر لی ہے۔ کل جماعتی حرےت کانفرنس گ کے چےئرمین سید علی گیلانی نے کہا بھارتی فوج نے اسرائےلی فوج کی طرز پر مقبوضہ رےاست میں شہرےوں کے خلاف نیا آپرےشن شروع کر دےا ہے اب نوجوانوں کو فوجی گاڑےوں تلے کچل کر شہےد کیا جا رہا ہے۔فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ تولنے لگی، گولیوں کے بعد ظلم کی نئی داستان، گاڑی تلے کچلے جانے کی ویڈیو نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا ہجوم نے گھیر لیا تھا جان بچانے کیلئے اہلکاروں نے ایسا کیا۔ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا بھارتی درندوں نے نیا حربہ اختیار کر لیا ہے۔ 2 ماہ میں 6 کشمیریوں کو گاڑی تلے روند کر شہید کر دیا۔ عمرے کیلئے مجھے ویزا جاری نہیں کیا جا رہا عالمی برادری نوٹس لے۔ اس واقعہ کے خلاف وادی بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بظاہر عوامی ردعمل کے خدشہ سے حکام نے سرینگر اور بڈگام اضلاع میں ناکہ بندی کردی ہے اور انٹرنیٹ کو معطل کیا گیا ہے۔ سرینگر کے فتح کدل علاقے کے رہنے والے قیصر بٹ کے والدین فوت ہوچکے ہیں اور ا±ن کی دو کم سن بہنیں ہیں۔ کئی سال سے یہ تینوں ڈل گیٹ علاقے میں اپنی ماسی کے ہاں قیام پذیر تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ واقع جمعہ کے روز نماز کے بعد ا±س وقت رونما ہوا جب نوجوان جامع مسجد کے باہر 25 مئی کو مسجد کے اندر فورسز کی کارروائی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقع ہے۔ اس سے قبل جامع مسجد کے قریبی علاقہ نورباغ میں بھی پولیس کی گاڑی نے ایک نوجوان کو روند ڈالا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جس جیپ کی زد میں آکر نوجوان ہلاک ہوا ہے وہ راستہ بھٹک گئی تھی تاہم سی آر پی ایف کے ترجمان سنجے شرما نے بتایا ہماری گاڑی میں ایک سینئر افسر حالات کا جائزہ لینے جارہے تھے۔ جونہی وہ جامع مسجد کے قریب پہنچے تو سینکڑوں مظاہرین نے گاڑی کو دبوچ لیا، انھوں نے افسر کو باہر نکال کر اسے مارنے کی کوشش کی۔ سابق وزیراعلیٰ اور حزب مخالف کے رہنما عمرعبداللہ نے ٹوئٹر کے ذریعہ اس واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سیزفائر میں بندوق نہیں تو جیپ استعمال کرو۔ انھوں نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پہلے نوجوانوں کو جیپ سے باندھا جاتا تھا اور اب ان کو جیپ تلے روندا جاتا ہے۔ محبوبہ مفتی صاحبہ کیا آپ کا یہی نیا سکیورٹی ضابطہ ہے؟' وزیر داخلہ راج ناتھ نے عید سے قبل دورے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی کشمیر میں مختلف جھڑپوں میں کم از کم دس شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز بھی اننت ناگ اور سرینگر میں چار مقامات پر گرینیڈ حملے ہوئے جن میں سے دو کی ذمہ داری مسلح گروپ جیش محمد نے قبول کی۔ حکومت ہند کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے عید سے قبل کشمیر کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دورے کے دوران وہ سیزفائر میں توسیع کرنے کے امکان کا جائزہ لیں گے۔ پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے 24 سالہ کشمیری نوجوان قیصر احمد کو گاڑی تلے روند کر شہید کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کا نوٹس لے ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کشمیری نوجوان کی دردناک موت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کے عالمبردار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت بند کروائیں ۔
کشمیر