لیلۃُالقدر ہزار مہینوں سے بہتر رات
مکرمی! رمضان مبارک میں اللہ تعالی نے قرآن کریم نازل فرمایا تاکہ لوگ فلاح پائیں اسی لئے اس مہینہ میں عبادت کا اجر بھی اللہ نے بہت بڑا رکھ دیا ہمارے پیارے نبی محمد مصطفیؐ نے فرمایا کہ ’’اس مہینہ میں چار چیزوں کی کثرت رکھو1، کلمہ طیبہ2، استغفار3، جنت کی طلب 4، جہنم کی آگ سے پناہ‘ حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ’’ رسولؐ اللہ نے فرمایا اللہ تعالیٰ فرماتا ہے روزہ میرے لیے ہے اورمیں ہی اسکی جزا دوں گا‘‘۔ حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ’’ رسولؐ اللہ نے فرمایا رمضان میں اللہ کی طرف سے ایک ایسی رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ جو اس رات کی بھلائی سے محروم رہا وہ بس محروم ہی رہ گیا‘‘ اس لئے لیلۃ القدر کی رات میں خصوصی اہتمام کیجئے، اس رات جاگ کر اللہ کے حضور ندامت کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی طلب کیجئے وہ کریم سو مائوں سے زیادہ پیار کرنے والا ہم پر کتنا مہربان ہے کہ ندامت کا ایک آنسو بھی قبول کر لیتا ہے۔ یا اللہ ہمیں معاف فرمائے۔ آمین ثم آمین۔ (اظہر حسین جعفری، بحریہ ٹائون لاہور)