• news

وہاڑی : تہمینہ دولتانہ کو ٹکٹ نہ ملنے کا امکان، لیگی قیادت نے نعیم بھابھہ کو گرین سگنل دیدیا

وہاڑی (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیرتہمینہ دولتانہ کا تاریخ میں پہلی دفعہ پارٹی ٹکٹ کا حصول خطرہ میں پڑگیا۔ لیگی قیادت نے سابق صوبائی وزیر زراعت نعیم خاں بھابھہ کو این اے 164کیلئے الیکشن مہم جاری رکھنے کا عندیہ دیدیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں مسلم لیگی رہنماحمزہ شہباز نے سابق ایم پی اے میاں ثاقب خورشید اور سابق صوبائی وزیر نعیم خاں بھابھہ کو ملاقات کیلئے لاہور بلایا اور ملاقات میں حلقہ این اے 164 اور پی پی 234 کیلئے مشاورت کرنا تھی۔ اس ملاقات کی کسی ذریعہ سے اطلاع تہمینہ دولتانہ کو بھی مل گئی تو وہ بھی ملاقات کی جگہ پر پہنچ گئیں۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حمزہ شہباز نے ملاقات ملتوی کردی اور بیرون ملک روانہ ہوگئے لیکن نعیم خان بھابھہ کو این اے 164 کیلئے انتخابی مہم جاری رکھنے کا اشارہ دیدیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعدازاں نعیم خان بھابھہ نے صدر مسلم لیگ (ن) سابق وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف سے ملاقات کی اور حلقہ این اے 164 اور حلقہ پی پی 234 کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تو میاں شہبازشریف نے بھی نعیم خان بھابھہ کو این اے 164 میں الیکشن مہم جاری رکھنے کاعندیہ دیدیا۔ واضح رہے نعیم خان بھابھہ نے حلقہ این اے 164 کیلئے 50 ہزار روپے پارٹی ٹکٹ کیلئے جمع بھی کرا دیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ملاقات کے موقع پرمیاں شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ 2013ء نہیں ہے کہ حقائق سے نظریں چرالی جائیں، اب2018ء ہے اورہم زمینی حقائق کوسامنے رکھ کر فیصلے کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں جب تہمینہ دولتانہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں، یہ محض میرے سیاسی مخالفین کا پراپیگنڈا ہے، جہاں تک ٹکٹ کا معاملہ ہے تو ٹکٹ کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کا 27 رکنی مرکزی پارلیمانی بورڈ کریگا۔

ای پیپر-دی نیشن