• news

گرینڈ الائنس میں عوام کے دھتکارے ہوئے سیا سی یتیم ہیں: سعید غنی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ گرینڈ نیشنل الائنس میں عوام کے دھتکارے ہوئے سیاسی یتیم ہیں۔ یہ سیاسی یتیم صرف انتخابات میں مینڈک کی طرح نکلتے ہیں اس کے بعد گوشہ گمنامی میں چلے جاتے ہیں۔ پی پی پی میڈیا سیل اسلام آباد میں صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پیر پگاڑا کو سانگھڑ میں شکست دی ان میں ہمت ہے تو آئندہ انتخابات میں کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑ کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سیاسی خانہ بدوش ہیں اور تصوراتی دنیا میں بھٹک رہے ہیں وہ لوٹا ساز مشین جہانگیر ترین کے مقابلے میں عمران نیازی کو صرف سبز باغ ہی دکھا سکتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کو سندھ سے کچھ نہیں ملے گا بلکہ اپنی ضمانت بھی ضبط کرا بیٹھیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کھوٹے سکے جمع کر رکھے ہیں۔ لیاقت جتوئی جیسے لوگ پہلے ہی بدنام ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ انتخابات میں بھٹو مخالف ٹولے کو عبرتناک شکست ہوگی۔ ماضی میں یہ بہروپیے مل کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خلاف اتحاد بناتے تھے اور شکست کھاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز لطیف پلیجو کو تو ان کے اپنے والد نے ہی خاندانی امور اور سیاست سے عاق کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن