• news

اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا ہو گا‘ شفاف غیر جانبدارانہ الیکشن اولین ترجیح ہے : ناصر الملک

سوات (نامہ نگار) نگران وزیراعظم چیف جسٹس(ر) ناصرالملک خان نے کہا ہے کہ الیکشن اپنے مقرر ہ وقت پر ہی ہوں گے ، شفاف اورغیرجانبدارانہ الیکشن کا انعقاد اولین ترجیح ہے ، سوات کے عوام کو درپیش مسائل کاپورا احساس ہے ، شاہراہوں کی خستہ حالی بارے این ایچ اے حکام کو طلب کریں گے ، قیام امن کیلئے سوات کے صحافیوں کی قربانیوں کونظراندازنہیں کیاجاسکتا، پوری قوم ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جس مقصد کی ذمہ داریاں مجھے سونپی گئی ہےں ان مقاصد کی حصول میں غفلت اورلاپرواہی سے کام نہیں لیں گے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات پریس کلب کے چیئر مین شہزاد عالم کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے اپنی رہائشگاہ واقع گل کدہ سیدوشریف سوات میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صحافیوں نے وزیراعظم کی توجہ سوات کے سلگتے مسائل اورعوامی مشکلات کی طرف مبذول کرائی جس پر وزیراعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ چونکہ ان کاتعلق اس علاقے سے ہے اورانہیں عوامی مسائل کابخوبی اندازہ ہے، سوات میں شاہراہوں کی خراب حالت اورخصوصاً لنڈاکی مینگورہ شاہراہ کی ناقص صورتحال کے حوالے سے این ایچ اے حکام کو طلب کرکے ان کو شاہراہوں کی حالت درست کرنے کے حوالے سے ہدایت دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے اجتماعی مسائل اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ الیکشن کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر 25جولائی کوہوں گے‘ تاخیر کی کوئی بات نہیں ہے وقت مقررہ پرشفاف، آزاد اورغیرجانبدارانہ الیکشن کاانعقاد اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے میری جتنے بھی ذمہ داری ہے وہ پورا کریں گے ، انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیارمیں رہتے ہوئے کام کرناہوگا، شفاف الیکشن کا انعقاد ہر حال میں یقینی بنائیں گے اوراس حوالے سے مجھ پر جو ذمہ داری ڈالی گئی ہے وہ بطریق احسن پوری کی جائے گی، اس سے قبل وزیراعظم کی رہائشگاہ پر زندگی کے ہرطبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں پہنچ کر ان کو مبارکباد دی اور ان کی بحیثیت وزیراعظم تقرری پر خوشی کااظہارکیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ ناصر الملک بذریعہ ہیلی کاپٹر مینگورہ پہنچے جس کے فوراً بعد وہ اپنے آبائی قبرستان مینگورہ گئے جہاں پر انہوں نے اپنے والد مرحوم کامران خان اور والدہ کی قبر پر حاضری دی اور فاتحة خوانی کی، قبرستان سے وہ اپنی رہائش گاہ کامران کور گئے جہاں عوام سے ملاقا توںکا سلسلہ شروع کیا۔ آئی این پی+ آن لائن+ نوائے وقت نیوز کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے کہا کہ میں صرف 2 ماہ کے لیے آیا ہوں۔ یقین دلاتا ہوں انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔ ملک میں تمام کام صرف آئین کے مطابق ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کی تشکیل کے لیے نگران وزیراعظم وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے مختلف شخصیات سے رابطے شروع کر دیے ہیں جس کے بعد نگران کابینہ کی تشکیل کے لیے سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے نگرانی وزیراعظم کے سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سابق بیورو کریٹس سابق فوجی افسر سابق جج اور تاجروں کے ناموں پرغور کیا جا رہا ہے۔
ناصر الملک

ای پیپر-دی نیشن