ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا کی پیر پگاڑا سے ملاقات، جی ڈی اے میں شمولیت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے گزشتہ روز پیر پگاڑا سے ملاقات کی جس کے بعد تینوں رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پیر پگاڑا نے کہا کہ فہمیدہ مرزا نے جی ڈی اے کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا، فہمیدہ مرزا اور ہمارے ٹی او آرز ملتے جلتے ہیں، چاہتے ہیں کہ سندھ کے لوگوں کو اچھی تعلیم ملے، صاف پانی ملے، صوبے کی بھلائی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ چھوٹی جماعتوں کو چاہئے وہ جی ڈی اے کے ساتھ اتحاد کریں۔ سندھ کے مسائل پر ہم آواز ہونا ہو گا، انتخابات میں اتحاد ہوتے ہیں۔ سندھ کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی دینا ہمارا عزم ہے۔ پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے آواز اٹھاتی رہی۔ پندرہ مئی کو بدین میں جلسہ کیا جو ایک ریفرنڈم تھا۔ لاڑکانہ اور دادو کے عوام گندے پانی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہیں۔ سندھ کو کم پانی مل رہا ہے۔ بغیر اجازت کہیں بھی ڈیم یا آبی ذخیرہ نہیں بننا چاہئے۔ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ سندھ میں تعلیم کا بہت برا حال ہے۔ سندھ میں تعلیم ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یوتھ کو روزگار دینا ہوگا ورنہ وہ غلط راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ الیکشن کمشن سے درخواست ہے کہ وقت پر الیکشن کروائے جائیں۔ پارٹی کے اندر اور پارلیمنٹ میں کرپشن کیخلاف آواز اٹھائی۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ بدین کے لوگ چور بازاری کو قبول نہیں کریں گے۔ ملک کا پیسہ لوٹ کر دبئی بھجوایا جا رہا ہے۔ بدین کے لوگوں کو پیپلز پارٹی سے آزادی دلا دی۔ پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں کی لائنیں لگ جائیں گی۔
مرزا/ پگاڑا