چیچہ وطنی: لڑکیوں سے تعلقات پر منع کرنے سے بیوی کو پھانسی دیدی
چیچہ وطنی(نامہ نگار) خاوند نے غیر لڑکیوں سے تعلقات رکھنے سے منع کرنے پر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گلے میں پھندا ڈال کر پھانسی دے دی، پولیس تھانہ غازی آباد نے مقدمہ تو درج کرلیا لیکن بااثر ملزم پولیس کو پیسے کی چمک دکھا کر تھانے میں مہمانوں کی طرح رہ رہا ہے، ایس ایچ او تھانہ غازی آباد صلح کیلئے دبائو ڈال رہا ہے، کہتا ہے کہ صلح نہ کی تو ملزم کو بیگناہ اور آپ کو کسی نہ کسی جھوٹے مقدمے میں حوالات میں بند کر دوں گا۔ یہ باتیں نواحی گائوں 102/12-L کے صادق مسیح نے اپنی بیوی خورشید بی بی، اپنے بیٹوں نوید گل، سلیم گل اور اپنی رشتے دار خواتین یاسمین، سمیرا، پروین، سونیا صادق، نادیہ یوسف، رابعہ یوسف، انیتا صادق، سنیتا صادق، مسرت بی بی، پرویز بی بی، شبانہ، وقاص جاوید، چانن مسیح، اقبال مسیح، سلطان مسیح، آصف صادق اور جاوید ہانس کے ہمراہ چیچہ وطنی پریس کلب میں پولیس تھانہ غازی آباد کے خلاف احتجاج کرتے بتائیں۔ اس نے بتایا کہ دو سال قبل میری بیٹی رضیہ بی بی کی شادی نذیر عرف لطیف مسیح ساکن 30/11-L سے ہوئی تھی، پہلے سے ہی اسکے غیر لڑکیوں کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، میری بیٹی اسے منع کرتی تھی جس پر وہ اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا، پھر اس نے طیش میں آکر میری بیٹی کے گلے میں پھندا ڈال کر قتل دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار تو کر لیا لیکن پولیس ملزم کوبا اثر افراد کے کہنے اور روپے کی چمک سے وی آئی پی پروٹوکول دے رہی ہے۔